کھیل
Time 18 جنوری ، 2019

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آفیشل نغمہ جاری


کراچی: پاکستان سپر لیگ کا اہم جُز اس کا نغمہ ہے اور چوتھے ایڈیشن کا آفیشل نغمہ جاری کردیا گیا۔ 

سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن کے نغمے ’کھیل دیوانوں کا‘ کو اداکار و گلوکار فواد خان نے آواز دی ہے جب کہ ان کا ساتھ ینگ دیسی ریپر نے دیا ہے۔ 

اس سے قبل پی ایس ایل کے تین ایڈیشنز میں گلوکار علی ظفر کی آواز میں الگ الگ نغمے جاری کیے گئے تھے۔ 

پی ایس ایل 4 ایڈیشن کے لیے نغمہ شجاع حیدر نے تحریر کیا ہے۔

پی ایس ایل کے 2016 کے پہلے ایڈیشن کا نغمہ گلوکار علی ظفر نے ہی لکھا اور گایا جس نے کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والوں پر سحر طاری کیا۔

پی ایس ایل 2017 ایڈیشن میں بھی علی ظفر کی آواز میں نغمہ ریلیز کیا گیا جس کے بول تھے، ’سیٹی بجے گی، اسٹیج سجے گا، تالی بجے گی اور اب کھیل جمے گا‘۔ 

پی ایس ایل 2018 ایڈیشن کے لیے علی ظفر نے ہی نغمہ گایا، جس کے بول، لو پھر آگئے جلوہ دکھانے، پھر ملے چلو ہم اس بہانے، یہ کھیل پھر جمے گا اور اسٹیج پھر سے سجے گا، پھر دل سے سیٹی بجے گی اور جاں سے نعرہ لگے گا۔

تاہم اس بار علی ظفر نے سپرلیگ کا آفیشل گیت نہ گانے کی وجہ اپنی مصروفیات کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیزن فور میں دستیاب نہ ہونے سے متعلق منتظمین کو آگاہ کرچکا تھا۔

مزید خبریں :