18 جنوری ، 2019
پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی تین ایڈیشن کا آفیشل گانا گانے والے معروف گلوکار علی ظفر نے اس سال پی ایس ایل کو اپنی آواز نہیں دی جس پر کئی لوگ حیران ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام “ اسکور” میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ سیزن “ فور”میں اپنی مصروفیات کے سبب وہ دستیاب نہیں تھے اور منتظمین کو وہ اس بات سے آگاہ کر چکے تھے۔
38سالہ علی ظفر کا کہنا تھا کہ “پی ایس ایل” اب ایک برانڈ ہے اور انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے اسے تناور درخت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
تاہم اب علی ظفر سمجھتے ہیں کہ نئے لوگوں کو سامنے آنا چاہیے، تین سال انہوں نے اپنے کام کو ایمانداری اور پیشہ وار انہ انداز میں کیا۔
علی ظفر جو بیک وقت اداکاری، گلورکاری، پروڈکشن اور اسکرپٹ رائٹنگ سے منسلک ہیں، کہتے ہیں کہ ایک وقت میں مجھ پر بہت سے کاموں کا دباؤ ہوتا ہے، میں بھی انسان ہوں اور خواہش رکھتا ہوں۔
علی ظفر کا کہنا ہے کہ وہ جو بھی کام کریں گے بہترین انداز میں کریں گے۔
علی ظفر کے مطابق اب چوںکہ وہ “طیفہ ان ٹربل” کی بین الاقوامی سطح پر پزیرائی کے بعد میں اپنی نئی آنے والی فلم پر کام کر رہے ہیں اس لیے انہوں نے خود یہ محسوس کیا کہ “پی ایس ایل“ میں اس بار نئے لوگوں کو موقع ملنا چاہیے۔
علی ظفر نے مزید کہا کہ “پاکستان“ ان کی پہچان ہے،” پی ایس ایل” ایک مقبول برانڈ ہے جس کے ساتھ وہ مستقبل میں ضرور منسلک رہنا چاہیں گے۔
کسی فرنچائز سے منسلک رہنے کے سوال پر علی ظفر نے بتایا کہ “اسلام آباد یونائیٹڈ“ کے ساتھ وہ دو سال رہے تاہم اب وہ بہت مصروف ہیں، بلخصوص اپنی “البم “ کے لئے کیوں کہ ان کی آخری البم آئے ہوئے 8 سال کا عرصہ ہو گیا ہے۔