پاکستان
Time 18 جنوری ، 2019

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اورنج لائن منصوبے پر 21 ارب کا ٹیکس لگا دیا

تسلی بخش جواب نہ ملنے کی صورت میں 21 ارب کا ٹیکس بمع جرمانہ عائد کیا جائے گا: پنجاب ریونیو اتھارٹی_ فائل فوٹو

لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اورنج لائن منصوبے پر 21 ارب کا ٹیکس لگا دیا۔

جیونیوز کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے اورنج لائن منصوبے پر 12.9 ارب روپے سیلز ٹیکس ادا کرنے کیلئے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

اس کے علاوہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے 7.2 ارب روپے سیلز ٹیکس ادا کرنے کیلئے بھی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق دونوں محکموں کی جانب سے جواب دینے کے لیے 10 دن کی مہلت دی گئی ہے اور تسلی بخش جواب نہ ملنے کی صورت میں 21 ارب کا ٹیکس بمع جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

واضح رہےکہ اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے شروع کیا جس کا کل تخمینہ ایک کھرب 65 ارب روپے لگایا گیا تھا تاہم منصوبے میں رکاوٹوں کے باعث یہ تاخیر کا شکار ہوگیا اور اس کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اورنج لائن ٹرین کا روٹ ٹھوکر نیاز بیگ سے براستہ چوبرجی ریلوے اسٹیشن، جی ٹی روڈ ،قائد اعظم انٹر چینج تک ہوگا، روٹ کا فاصلہ 27 کلومیٹر ہوگا، 24 کلومیٹر ایلی ویٹیڈ، 2 کلومیٹر انڈر گراؤنڈ ہوگا۔


مزید خبریں :