29 جنوری ، 2019
کراچی: ڈیفنس میں واقع نجی بینک کے گارڈ نے ہی بینک کے لاکرز کا صفایا کردیا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس بی کی مارکیٹ میں واقع نجی بینک میں صبح ساڑھے 7 بجے چوری کی واردات ہوئی، سیکیورٹی گارڈ بینک کے 10 لاکرز سے 65 لاکھ روپے اور ڈالر لوٹ کر فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی گارڈ نے کٹر اور گیس ویلڈنگ کی مدد سے 22 لاکرز کاٹے جن میں سے 10 لاکرز سے رقم لوٹی جب کہ دیگر 22 لاکرز سے کیا لوٹا گیا اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کےمطابق ملزم کی شناخت منظور کے نام سے ہوئی ہے اور وہ گزشتہ 6 ماہ سے بینک میں نائٹ شفٹ میں تعینات تھا۔
آئی جی سندھ کلیم امام نے چوری کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سی آئی اے اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے انکوئری رپورٹ طلب کرلی۔