پاکستان
Time 31 جنوری ، 2019

سانحہ ساہیوال: مقتول خلیل کے بھائی نے جے آئی ٹی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

ساہیوال واقعے میں جاں بحق ہونے والے ٰخلیل اور اہلیہ کی تصویر

لاہور: سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی نے پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

مدعی مقدمہ جلیل کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) کو کالعدم قرار دینے اور سانحے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

مقتول خلیل کے بھائی جلیل اور دیگر عینی شاہدین کو جے آئی ٹی نے بیان ریکارڈ کرانے اور ملزمان کی شناخت پریڈ کے لیے طلب کیا تھا تاہم مدعی مقدمہ جلیل نے جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان بھی جوڈیشل کمیشن کو ہی ریکارڈ کرائیں گے۔

واضح رہے کہ 19 جنوری کی سہہ پہر سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس میں سوار 4 افراد جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا گیا جب کہ بعد ازاں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ایک کو دہشت گرد قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :