پاکستان
Time 07 فروری ، 2019

نوازشریف کی تضحیک کی جارہی ہے، ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے: مریم


لاہور: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہناہے کہ نوازشریف کی تضحیک کی جارہی ہے اور حکومت سے نہ کبھی علاج کی درخواست کی نہ کریں گے لہٰذا ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چار دن سے نواز شریف کو سروسز اسپتال میں رکھا ہےجہاں کارڈیک یونٹ نہیں ہے، چار دن سروسز اسپتال میں کیوں رکھا گیا، میڈیکل بورڈ پانچ روز کیا کرتا رہا ہے، بورڈ بنا بناکر صحت کے معاملے پرتضحیک کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو جیل سے لے کر یہ خود آئے تھے، انہیں ایک ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال لے جایا جارہا ہے، نوازشریف کی تضحیک کی جارہی ہے، ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ چاروں بورڈز نے کہا کہ نواز شریف کو دل کے اسپتال جانا چاہیے، ان کی صحت کے معاملے پر ابہام حکومتی کارندوں نے پیدا کی، اس شخص کی صحت سے کھلواڑ کیا جارہا ہے جو تین بار وزیراعظم رہ چکا ہے۔

مریم نواز کا ٹوئٹر پر بیان

علاوہ ازیں ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے مزید کہا کہ ’ایک کے بعد دوسرا بورڈ اور ایک اسپتال کے بعد دوسرا اسپتال، پہلے پی آئی سی، پھر جیل، پھر سروسز اسپتال، جہاں امراض قلب کا شعبہ ہے ہی نہیں، اب پھر پی آئی سی لے جانے کی کوشش، میاں صاحب نے انکار کر دیا اور کہا کہ میں نہ خانہ بدوش ہوں نہ تضحیک کا نشانہ بننے کو تیار ہوں، مجھے واپس جیل لے جایا جائے‘۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ ’بہت بڑی آزمائش آئی مگر توکل الّلہ پر رکھا، حکومت سے نہ کبھی علاج کی درخواست کی نہ کریں گے، میری مرحوم والدہ جب بسترِمرگ پر تھیں، ان خوفِ خدا سے عاری انسانوں نے جو اب حکومت میں ہیں ان کی بیماری کا مذاق اڑایا تھا، ظلم کی رات چھوٹی مگر اس کی پکڑ بہت بڑی‘۔


انہوں نے کہا کہ ’میں نے چپ رہ کر سب کچھ سہا اور مانگا تو صرف اللّہ سے، کسی چیز پر سیاست نہیں کی، مگر اب اگر میرے والد کی صحت سے کھلواڑ کیا گیا، یا اس کو سیاست کی نذر کیا گیا، یا ان کو خدا نہ خواستہ کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی‘۔

مزید خبریں :