پاکستان
Time 10 فروری ، 2019

خیبرپختونخوا میں ’بچھڑا بچاؤ‘ منصوبے کی تیاریاں مکمل

سرکاری دستاویزات کے مطابق گائے، بھینس اور بچھڑوں کی بہتر افزائش کے لیے رواں برس دو اہم منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا—. فوٹو فائل

پشاور: خیبرپختونخوا میں بچھڑوں کے ذبح کو کم کرنے اور بڑے گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے ’بچھڑا بچاؤ‘ منصوبے کا آغاز رواں برس ہوگا۔

 سرکاری دستاویزات کے مطابق گائے، بھینس اور بچھڑوں کی بہتر افزائش کے لیے رواں برس دو اہم منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جس میں پہلا منصوبہ ’بچھڑا بچاؤ‘ ہوگا۔

بچھڑا بچاؤ منصوبے کی لاگت ایک لاکھ 2 ہزار 43 ملین روپے ہے جس کا مقصد کم عمر جانوروں کو ذبح ہونے سے بچانا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق بہتر افزائش کے لیے تربیت، غذا، ویکسینیشن مفت دی جائے گی جب کہ ایک سے 20 بچھڑوں کے مالک کو امداد فراہم کی جائے گی جب کہ 9 ماہ کی کامیاب افزائش کرنے والے مالک کو 500 روپے سے 6 ہزار روپے تک نقد رقم بھی ملے گی۔

گوشت دینے والے بڑے جانوروں کی بہترین خوراک فراہمی کا منصوبہ بھی رواں سال شروع ہوگا، اس منصوبہ کی لاگت 690 ملین روپے سے زائد ہے جس کے تحت 60 ہزار گائے اور بھینسوں کو بہترین خوراک اور مالکان کو امداد دی جائے گی۔

سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا کہ 3 سے 4 ماہ تک جانور محکمہ لائیو اسٹاک ماہرین کی نگرانی میں پرورش پائیں گے اور مقررہ مدت پوری ہونے کے بعد مالکان کو 4 ہزار روپے فی جانور نقد رقم بھی دی جائے گی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق منصوبے کا مقصد گائے، بھینسوں کی صحت و تندرستی میں بہتری اور گوشت کی پیداوار بڑھانا ہے اور یہ دونوں منصوبے 4 سالہ مدت کے ہیں۔

مزید خبریں :