Time 17 فروری ، 2019
پاکستان

'بھارت نے پاکستان کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ ختم کرنے سے آگاہ نہیں کیا'

بھارت کی جانب سے پاکستان کا ایم ایف این اسٹیٹس ختم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ بھارت نے تجارت کے لیے پاکستان کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ ختم کرنے سے آگاہ نہیں کیا۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا موسٹ فیور نیشن (ایم ایف این) اسٹیٹس ختم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم ہم بھارت سے اس معاملے پر بات کرسکتے ہیں۔

مشیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو مختلف فورمز پر اٹھا سکتا ہے اور پاکستان اس مسئلے کو ورلڈ ٹریڈ فورم پر بھی اٹھا سکتا ہے۔

عبدالرزاق داؤد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ورلڈ ٹریڈ فورم کے رکن ہیں۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خودکش حملے میں 44 بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلے نے اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان کو دیا گیا ایم ایف این اسٹیٹیس واپس لے رہے ہیں جس کا اطلاق فوری ہوگا۔

ایم ایف این اسٹیٹس ختم ہونے کے بعد بھارت کو درآمد کردہ پاکستانی مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی میں 200 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :