دنیا
Time 23 فروری ، 2019

جنگ کوئی پکنک نہیں اور مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں، سابق ’را‘ چیف

دورحاضر میں جنگیں زیادہ نقصان دہ ہیں اور اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کو ان کے نتائج کا ادراک ہونا چاہیے، سابق را چیف — فوٹو:فائل 

نئی دہلی:  بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق چیف اے ایس دولت کا کہنا ہے کہ جنگ کوئی پکنک نہیں اور مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ 

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کارخودکش حملے کے بعد بھارت نے بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے پلوامہ حملے کے واویلے پر ہندوانتہاپسندوں نے جموں اور بھارتی ریاستوں میں کشمیری مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہے لیکن اب اس کے باوجود بھی بھارتی حکومت کے جنگی جنون اور جارحانہ پالیسیوں کے خلاف اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔

سابق را چیف کا بھارتی میگزین کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ نریندر مودی کو یہ نہیں کہنا چاہیئے تھا کہ فوج کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے کیوں کہ جنگ کوئی کھیل نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جنگ کوئی پکنک نہیں اور مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں ہے، دورحاضر میں جنگیں زیادہ نقصان دہ ہیں اور اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کو ان کے نتائج کا ادراک ہونا چاہیے۔

پلوامہ حملے میں پاکستان جیت گیا اور بھارت ہار گیا، پرتاب بھانو

دوسری جانب بھارتی اشوکا یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پرتاب بھانو مہتا نے اخبار کے آرٹیکل میں اپنی حکومت کو انتباہ جاری کیا ہے کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارتی ردعمل تباہ کن ثابت ہورہا ہے اور بھارتی رویے کی وجہ سے پاکستان جنگ جیت چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تحمل عالمی سطح پر اسے معتبر بنا رہا ہے، بھارتی پالیسیوں سے مسئلہ کشمیر مزید بگڑا ہے اور اب عالمی برادری میں کوئی بھارتی مؤقف سننے کو تیار نہیں ہے۔

بھارتی یونیورسٹی کے وی سی کے مطابق گزشتہ 5 سال میں کشمیر میں بھارت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا اور مقبوضہ کشمیر میں احساس محرومی حقیقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارتی رویے کو اشتعال انگیزی کے طور پر لے رہی ہے اور بھارتی توجہ مسائل کے بجائے الزام تراشیوں پر مبنی ہے، مسائل کا حل جنگ سے نہیں امن سے ممکن ہے۔

یاد رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کارخودکش حملے میں 45 سے زائد بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :