07 اگست ، 2012
لندن …لندن اولمپکس ہاکی میں گروپ اے کے اہم میچ میں آج پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر45 منٹ پر شروع ہوگا۔قومی ٹیم اولمپکس کے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پرامیدہے ۔ میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے سہیل عباس اور ان کے ساتھیوں کو فتح اور صرف فتح کی ضرورت ہے۔ اب تک کے نتائج کے مطابق گروپ اے میں آسٹریلیا اور برطانیہ نے4،4 میچ کھیل کر آٹھ آٹھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں، آسٹریلوی ٹیم بہترگول اوسط کی وجہ سے پہلے جبکہ برطانیہ دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان اور اسپین کے7،7 پوائنٹس ہیں تاہم پاکستان بہتر گول اوسط کی بدولت تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے اولمپکس میں اب تک ملی جلی کارکردگی پیش ہے۔ اسپین کے خلاف میچ ڈرا کرنے کے بعد اس نے ارجنٹائن کو ہرایا اور ایونٹ میں پیش قدمی کو نئی زندگی بخشی، البتہ میزبان برطانیہ کے ہاتھوں شکست فاش نے ٹیم کی کوششوں کو دھچکا پہنچایا اس کے بعد جنوبی افریقا نے پاکستان کو میچ کے دوران پوری طرح متحرک رکھا اور محمد وسیم کے آخری منٹوں میں گول کی بدولت اسے 5-4 سے کامیابی نصیب ہوئی۔ دوسری جانب گروپ اے کے باقی میچوں میں جنوبی افریقا کا مقابلہ ارجنٹائن جبکہ برطانیہ کا سامنا اسپین سے ہوگا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گی۔ ادھر گروپ بی میں بھی آج آخری تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ کوریا اور ہالینڈ، دوسرا بھارت اور بیلجیئم جبکہ تیسرا میچ جرمنی اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔