دنیا
Time 28 فروری ، 2019

پاکستان میں ایئراسٹرائیک سے انتخابات میں 22 سے زائد نشستوں پر کامیابی ملے گی: بی جے پی رہنما

بھارت میں بی جے پی کے انتہائی ذمہ دار رہنما کے بیان کے بعد ہنگامہ کھڑا ہوگیا، اپوزیشن کی شدید مذمت۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما بی ایس یادیوراپا کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں فضائی کارروائی پر ہماری جماعت کو انتخابات میں لوک سبھا کی 22 سے 28 نشستیں ملیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹکا کے سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی یونٹ چیف بی ایس یادیوراپا نے اپنی جماعت کے لیے انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔

انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں کی گئی کارروائی پر نوجوانوں نے جشن منایا، جس کے بعد انتخابات میں ہمارے لیے ریاست کرناٹکا میں لوک سبھا کی 22 سے زائد نشستیں جیتنا آسان ہوگیا ہے۔

دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بی جے پی رہنما کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

کانگریس کے کرناٹکا یونٹ کے صدر دنیش گندو راؤ نے کہا کہ بی جے پی رہنما کا بیان شرمناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے، جموں کشمیر میں موجودہ صورتحال سیاسی فوائد کے حصول کے لیے ہے۔

انہوں نے حکمراں جماعت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ملک کی سیکیورٹی کی نہیں بلکہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی فکر ہے اور یہی ان کی سیاست کا معیار ہے۔

ریاست کرناٹکا کے سابق وزیراعلیٰ سدرامیاں نے بی جے پی رہنما کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوجیوں کی قربانیوں کو حکمراں جماعت الیکشن جیتنے کے لیے استعمال کر رہی ہے، یہ سیاسی خود غرضی ہے، متاثرہ خاندانوں کے آنسوؤں کو انتخابی نشستوں کی تعداد کا حساب لگانا انتہائی شرمناک ہے۔

مزید خبریں :