01 مارچ ، 2019
کراچی کی احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی درخواست پراسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع کر دی جب کہ آغا سراج درانی کے بھائی آغا مسیح الدین نے بھی حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
کراچی کی احتساب عدالت میں آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی روزانہ اسمبلی سیشن کے لیے چلے جاتے ہیں جس کے باعث تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی جس کی آغا سراج درانی کے وکیل نے مزید ریمانڈ کی مخالفت کی۔
احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی درخواست منظور کرتے ہوئے آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں گیارہ مارچ تک توسیع کر دی۔
غیر رسمی گفتگو میں آغا سراج درانی کا کہنا تھا نیب کی جانب سے میری فیملی کو پریشان کیا جارہا ہے اور میرے بھائی کو بھی نوٹس بھیجا گیا ہے۔
دوسری جانب اسپیکر سندھ اسمبلی کے بھائی آغا مسیح الدین نے غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق نیب انکوائری میں حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
عدالت نے آغا مسیح الدین کی چار ہفتے کے لیے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا جب کہ ڈی جی نیب اور دیگر کوبھی نوٹس جاری کردیے۔