03 مارچ ، 2019
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قرارداد میں کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی توثیق کی گئی ہے اور اس کامیابی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ او آئی سی کی قرارداد میں کشمیر کو خطے کے امن کے لیے کلیدی قرار دیا گیا اور قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی مذمت کی گئی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے بھارتی جارحیت کی مذمت اور پاکستان کے حق دفاع کو تسلیم کیا، پاکستانی قوم کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز او آئی سی اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت پر مبنی قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر بنیادی تنازع ہے اور جنوبی ایشیا میں امن کیلئے کشمیر کے تنازع کا حل ہونا ناگزیر ہے۔
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی بطور اعزازی مہمان شرکت پر او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے افتتاحی سیشن کا بائیکاٹ کیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شریک نہیں ہوئے تاہم کانفرنس کے دیگر سیشنز میں دفتر خارجہ کے حکام نے شرکت کی۔