آسمان پر خلائی مخلوق سمجھے جانے والے چھلے کچھ اور ہی نکلے!

آسمان پر نظر آنے والے یہ کالے چھلوں کو  لوگ کچھ اور ہی سمجھے تھے۔ فوٹو: ایسوسی ایٹیڈ نیوز پریس

ان دیکھی خلائی مخلوق عرصہ دراز سے انسانی ذہن کی اختراع ہے اور دنیا کے تقریباً ہر ملک میں ہی اس خلائی مخلوق کے دیکھے جانے کے دعوے سامنے آ چکے ہیں۔

امریکی ریاست مونٹانا میں آسمان پر نظر آنے والے عجیب و غریب کالے چھلوں کی وڈیو نے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور لوگ اسے خلائی مخلوق سمجھے۔

آسمان پر موجود کالے چھلوں کی ویڈیو اس وقت وہاں موجود باڑوں میں مویشیوں کو کھانا کھلانے والے ایک کسان جوڑے نے بنائی۔

دھوئیں سے بنے ہوئے یہ کالے چھلے ہوا میں کئی منٹ تک تیرتے رہنے کے بعد ٹوٹ کر فضاء میں تحلیل ہو گئے۔

خاتون کسان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جب آسمان پر تیرتے ہوئے کالے چھلے دیکھے تو دیکھتے ہی ذہن میں پہلا خیال آیا کہ یہ خلائی مخلوق ہے لیکن ساتھ ہی دوسرا خیال انہیں یہ آیا کہ کہیں یہ تیل کے کنویں سے نکلا دھواں تو نہیں۔

ان کسانوں نے تیل کے کنویں سے نکلنے والے دھویں کے بارے میں پہلے سے سن رکھا تھا کہ اس علاقے کے قرب و جوار میں موجود تیل کے کنووں سے اضافی دھواں ہوا میں خارج کیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ٹھنڈی اور رُکی ہوئی ہوا خارج ہونے والے دھویں کو چھلوں کی شکل میں ڈھالنے کے  لیے بہترین ماحول فراہم کرتی ہے اور دھویں کے یہ چھلے کچھ منٹ ہوا میں رہنے کے بعد تحلیل ہو جاتے ہیں۔

آسمان پر دھویں کے یہ چھلے ظاہر ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، دیگر کئی ممالک میں بھی اس طرح کے چھلے نمودار ہو چکے ہیں جو لوگوں کو حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیتے ہیں۔

برطانیہ، چین، ارجنٹینا اور امریکا میں نظر آنے والے ان چھلوں کی وجہ بڑے پیمانے پر ہونے والی آتش بازی اور آلودگی کی دیگر وجوہات کو بتایا جاتا ہے۔

مزید خبریں :