24 مارچ ، 2019
اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 26 مارچ کے بجائے کل قومی احتساب بیورو (نیب) کی کمبائن انوسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے مراد علی شاہ کی ایک دن پہلے پیشی کی درخواست منظور کرلی جس کے بعد وہ کل نیب کی کمبائنڈ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کل نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پیش ہوں گے جہاں نیب ٹیم ان سے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے مراد علی شاہ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس میں ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا ہے۔
دوسری جانب نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پیشی کے موقع پر وفاقی پولیس سے سیکیورٹی مانگ لی ہے۔
قومی احتساب بیورو کی کمبائن انوسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کررہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشن وقار الدین سید کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس کے ایک ہزار جوان تعینات کیے جائیں گے اور پولیس کے ساتھ معاونت کیلئے رینجرز کو بھی تعینات کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایس پی سٹی سیکورٹی انتظامات کی سربراہی کریں گے اور نیب اولڈ ہیڈکوارٹر کے گرد سیکورٹی کے تین حصار بنائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر پی پی پی آصف علی زرداری بھی منی لانڈرنگ کیس میں نیب راولپنڈی کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم ( سی آئی ٹی) کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔