26 مارچ ، 2019
ابوظہبی: انگلینڈ میں 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کیلئے فٹنس پاس کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے شیخ زائد اسٹیڈیم ابوظہبی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہمیں ان 15 کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو فٹ ہوں اور ہمیں ورلڈ کپ جتواسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا اور قومی ٹیم 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی سیریز میں ہم اپنے تمام کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ 15 بہترین کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کیلئے منتخب کریں، ہم نے لڑکوں کیلئے مواقع پیدا کئے ہیں، انہیں سخت تربیت دی گئی، ابھی وہ بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں ہیں لیکن ان کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی ٹیم کے اعلان سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ 14 اپریل کو لاہور میں ہوگا اور ان 15 کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا جو سپر فٹ ہوں گے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق کا کہنا ہےکہ میگا ایونٹ سے پہلے دو اپریل سے شروع ہونے والے پاکستان ون ڈے کپ میں ان تمام کھلاڑیوں کو دیکھنا چاہتے ہیں جو اب تک قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن پائے۔
ان کا کہناتھا کہ پنڈی میں پاکستان کپ دو اپریل سے شروع ہوگا اور فائنل 12 اپریل کو کھیلا جائے گاجس کے ایک روز بعد کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ ہوگا۔