کھیل

پی سی بی نے گورننگ بورڈ کا اجلاس پہلی بار کوئٹہ میں طلب کرلیا

چیئرمین احسان مانی چاہتے ہیں کہ گورننگ بورڈ کے اجلاس باری باری ملک کے تمام شہروں میں ہوں، ترجمان پی سی بی  — فوٹو: فائل 

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گورننگ بورڈ کا اجلاس پہلی بار کوئٹہ میں طلب کرلیا۔

احسان مانی کے چیئر مین بننے کے بعد گورننگ بورڈ کا یہ تیسرا اجلاس ہے تاہم ترجمان کے مطابق اجلاس کا ایجنڈے اور جگہ کا تعین ہونا باقی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے چند ہفتے قبل پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل جیتا تھا، اب گورننگ بورڈ کے اجلاس کا کوئٹہ میں انعقاد اس بات کا اشارہ ہے کہ پی سی بی کوئٹہ میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چیئر مین احسان مانی چاہتے ہیں کہ گورننگ بورڈ کے اجلاس باری باری ملک کے تمام شہروں میں ہوں۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ کی کامیابی پر مبارکبادوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ 

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو  پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے پر مبارک باد دی اور ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہا ر کیا۔

راحت نے سرفراز سے ٹیلیفونک گفتگو میں اس امید کا اظہار کیا کہ آپ کی لیڈر شپ میں پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی سیریز میں آپ کی کمی شدت سے محسوس ہورہی ہے، کپتان سرفراز احمد نے کال کرنے پر راحت فتح علی خان کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ میں مئی میں ہونے والے ورلڈکپ کیلئے پاکستانی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 15 اپریل سے قومی اکیڈمی لاہور میں لگایا جائے گا جب کہ کیمپ سے قبل 14 اپریل کوکھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوں گے تاہم عمر اکمل سمیت کئی کھلاڑیوں کی فٹنس ورلڈ کپ سے قبل سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :