11 اپریل ، 2019
پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل مارکیٹنگ سے وابستہ دو اہم افسران صہیب شیخ اور کامل خان نے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا ہے جسے منظور بھی کر لیا گیا ہے ۔
سنیئر جنرل منیجر مارکیٹنگ صہیب شیخ اور جنرل منیجر مارکیٹنگ اینڈ پروڈکشن کامل خان دونوں نجم سیٹھی کے قریبی اور بورڈ میں بااثر افسران میں شمار ہوتے تھے۔
پی سی بی نے جمعرات کو ایک اشتہار کے ذریعے ڈائریکٹر کمرشل کے لئے امیدواروں سے درخواستیں مانگی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیب شیخ اور کامل خان ،کی تقرری سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے دور میں ہوئی تھی اور دونوں شعبہ مارکیٹنگ اور خاص طور پر پی ایس ایل معاملات میں اہم ترین لوگوں میں شمار ہوتے تھے۔
نجم سیٹھی کے دور میں کام کرنے والی ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائیلہ بھٹی،ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین بھٹی اور ڈائر یکٹر سیکیورٹی اینڈ ویجیلینس کرنل ریٹائرڈ اعظم بھی پی سی بی کو چھوڑ دینے والوں میں شامل ہیں ۔
جمعرات کی شب پی سی بی نے صہیب شیخ اور کامل خان کے استعفے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ دونوں نے اپنے کیریئر کے حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئےپی سی بی کو خیر باد کہا ہے۔
ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ دونوں نے پی ایس ایل کو برانڈ بنانے میں اہم کردار ادا کیاجس پر پی سی بی ان کا مشکور ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین احسان مانی نے دو دن قبل ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی تھی اور اس وقت وہ عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب میں ہیں۔
اس میٹنگ کے بعد دونوں کے استعفی سامنے آئے ہیں جبکہ پی سی بی کے شعبہ آئی ٹی سے بھی کچھ لوگوں کے مستعفی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی انتظامی ٹیم کے مزید لوگوں کو بھی اپنے عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا جب کہ مزید تبدیلیوں کے اشارے بھی مل رہے ہیں۔
احسان مانی کے دور میں پی ایس ایل فور کے انعقاد کے بعد اب چیئرمین ڈرائیونگ سیٹ پر ہیں اور اپنی من پسند ٹیم کے ساتھ بورڈ کو چلانا چاہتے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اور دیگر تقرریوں کے بعد حالیہ استعفی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔