کھیل
Time 02 مئی ، 2019

کرسٹیانو رونالڈو نے دنیا کی مہنگی ترین گاڑی خرید لی

کرسٹیانو رونالڈو نے بگاٹی لاووئچر نوئر نامی کار خریدی ہے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

پیرس: پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے دنیا کی مہنگی ترین کار خرید لی۔

بگاٹی کمپنی کی جانب سے بنائی جانے والی اس گاڑی کی قیمت ساڑھے 9 ملین پاؤنڈ یا 18 ملین ڈالر ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً ایک ارب 76 کروڑ 8 لاکھ 58 ہزار روپے بنتی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا کے نامور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے بگاٹی لاووئچر نوئر نامی کار خریدی ہے، کار کی صنعت کے آغاز سے اب تک کی یہ سب سے مہنگی ترین گاڑی ہے جسے مارچ 2019 میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا تھا۔

فرانسیسی کار ساز کمپنی بگاٹی نے اپنی 110 ویں سالگرہ پر خصوصی طور پر یہ کار تیار کی تھی۔

بگاٹی کمپنی کی جانب سے 1936 سے 1938 کے دوران بگاٹی ٹائپ 57SC اٹلانٹک نامی 4 گاڑیاں تیار کی گئی تھیں اور یہ کار اسی ماڈل کی جدید شکل ہے۔ اس کار میں 8.0 لٹر ٹربوچارجڈ W16 انجن ہے اور یہ 260 میل (418 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے۔

بگاٹی نے یہ ماڈل فروخت ہونے کی تصدیق تو کی ہے لیکن اس کے مالک کا نام بتانے سے گریز کیا ہے۔

ہسپانوی اخبار مارکا کے مطابق یہ کار سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے خریدی ہے، حالانکہ پہلے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ یہ گاڑی ووکس ویگن گروپ کے سابق چیئرمین فرڈیننڈ پیچ نے خریدی تھی۔

میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ گاڑی بیچ تو دی گئی ہے لیکن اس کا مالک اسے 2021 تک چلا نہیں پائے گا کیونکہ کمپنی نے ابھی تک گاڑی کی تیاری کو فائنل نہیں کیا ہے۔

مزید خبریں :