15ویں روزے تک قمری کلینڈر بن جائے گا: فواد چوہدری کا دعویٰ

نواز شریف اور آصف زرداری تو سیاسی طور پر اب قصہ پارینہ بن چکے: فواد چوہدری۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پندرہویں روزے تک قمری کلینڈر بن جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند کی رویت کے حوالے سے یہ مسئلہ آ رہا تھا کہ چاند کو دیکھنا ضروری ہے تو اس حوالے سے اپنی ٹیم کو ذمہ داری دی ہے کہ ایک ایپ تیار کی جائے جس میں جا کر آپ چاند کو دیکھ بھی سکیں، جو چاند دیکھنا چاہے گا وہ ایپلی کیشن میں جا کر صرف ایک بٹن کی کلک پر چاند دیکھ بھی سکے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے علمائے کرام کو بھی دعوت دی ہے کہ وہ بھی آئیں اور سارا کام دیکھیں۔

پاکستان کا صرف ایک ہی لیڈر ہے اور وہ عمران خان ہے: فواد چوہدری

عمران خان سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ چاہے کسی کو پسند ہو یا ناپسند ہو، کسی کی ان سے ناراضگی ہو یا صلح ہو، پاکستان میں صرف لیڈر صرف ایک ہی ہے اور وہ عمران خان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ گزارا کرنا سیکھیں، اتنی جلدی کسی کی خواہشیں پوری نہیں ہوتی، 5، 5 سال انہوں نے لگائے ہیں اب 5 سال انتظار کریں، روزانہ روٹھی ہوئی ساس بن جاتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن والے معیشت پر ایسے ٹسوے بہا رہے ہیں کہ جیسے پاکستان کی معیشت سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں ہے، ان میں تھوڑی سی بھی اخلاقی اقدار ہوتی یہ تو معیشت پر بات ہی نہ کرتے تاکہ لوگ ان کے کرتوت بھول جاتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاسی طور پر تو کوئی مقابلہ ہے ہی نہیں، نواز شریف اور آصف زرداری تو سیاسی طور پر اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔

ڈالر کی اونچی اڑان سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا بھی یہی مطالبہ ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف ڈالر دے دیں تو ڈالر کی قیمت ٹھیک رہے گی۔

مزید خبریں :