20 مئی ، 2019
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پوری ٹیم 100 فیصد دینے جا رہی ہے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں فاسٹ بولر محمد عامر بھی شامل ہیں۔
محمد عامر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری چار میچز چکن پاکس میں مبتلا ہونے کے باعث نہیں کھیل سکے تھے تاہم جنید خان کی بدترین کارکردگی کے باعث سلیکشن کمیٹی نے محمد عامر کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
محمد عامر نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم میں شامل ہونے پر فخر ہے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں 100 فیصد پرفارمنس دینے جا رہے ہیں اور ہم سب پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے کی کوشش کریں گے۔
محمد عامر نے حمایت اور دعائیں کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں زیادہ حمایت اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔