21 مئی ، 2019
اوپنر عابد علی کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ انگلینڈ میں 30مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کا متبادل وکٹ کیپر کون ہو گا؟
دائیں ہاتھ کے اوپنر عابد علی وکٹ کیپنگ کرنے کی بھی اہلیت رکھتے ہیں، تاہم اب ان کے اسکواڈ سے باہر ہو جانے کے بعد اب یہ اضافی ذمہ داری بابر اعظم کے سر ہے۔
24سالہ بابر اعظم ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل کے رشتے دار بھی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کئے جانے والے عابد علی برمنگھم میں قیام کریں گے جب کہ 26سال کے ٹیسٹ وکٹ کیپر محمد رضوان کو بھی دوران ورلڈکپ انگلینڈ میں رہیں گے۔
قومی ٹیم کے موجودہ کپتان 31سال کے وکٹ کیپر سرفراز احمد 2015ء ورلڈکپ میں بطور وکٹ کیپر منتخب ہوئے تھے لیکن کوچ وقار یونس نے ورلڈ کپ کے چار گروپ میچوں میں عمر اکمل سے وکٹ کیپنگ کروائی تھی۔
106 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے سرفراز احمد کا شمار اس وقت دنیا کے بہترین وکٹ کیپر ز میں ہوتا ہے۔ سرفراز نے ون ڈے میچوں میں 99 کیچ اور 23 اسٹمپڈ کر رکھے ہیں۔