Time 30 مئی ، 2019
پاکستان

ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے اثاثے ظاہر کریں، وزیراعظم کی قوم سے اپیل


وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے نام اہم پیغام میں اپیل کی ہے کہ وہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے اثاثے ظاہر کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اہم پیغام میں کہا ہے کہ 22 کروڑ پاکستانیوں میں سے صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کرتے ہیں،ایک فیصد پاکستانی 22 کروڑ پاکستانیوں کا بوجھ اٹھارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر لوگ ٹیکس نہیں دیتے تو کوئی بھی ملک اپنے لوگوں کی خدمت نہیں کرسکتا اور حکومت کو قرضے لینے پڑتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت عوام کیلئے اثاثے ظاہر کرنے کی سب سے آسان اسکیم لائی ہے جس سے آپ کو اثاثَے ظاہر کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اداروں کے پاس بے نامی اثاثوں کی تفصیلات آرہی ہیں، سب کیلئے بہتر ہے کہ اپنے اثاثے ظاہر کریں، ملک اور قوم کی خدمت کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ یہ پیسہ ملک پر خرچ ہوگا، ٹیکس کا پیسہ چوری نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے پاس جائیدادوں، دولت سے متعلق معلومات آچکی ہیں اور مزید بھی آرہی ہیں، اثاثے ڈکلیئر کریں گے تو آپ بے فکر ہوں گے، کوئی آپ کو تنگ نہیں کرسکے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ ٹیکس نہیں دیتے جس کے باعث نہ ہم اسپتال بنا سکتے ہیں نہ اسکول، میں گارنٹی دیتا ہوں کہ آپ کا پیسہ ملک پر خرچ ہوگا، چوری نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی 30 جون تک ہے، یہ آپ کے پاس ایک موقع ہے، بے نامی پراپرٹی، بینک اکاؤنٹس ڈکلیئر کردیں، یہ موقع 30 جون کے بعد آپ کو نہیں ملے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

مزید خبریں :