31 مئی ، 2019
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں آج اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹنگھم کے میدان میں کھیلے گی اور پوری قوم ٹیم کے لیے دعا گو ہے تو وہیں کرکٹرز نے بھی ٹیم کو چند مشورے دیے ہیں۔
قومی ٹیم ناکامیوں کا تسلسل توڑنے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم جیت نہیں رہی جس کا ٹیم پر دباؤ ہے، ٹیم کی حالیہ کاردگی کا فائدہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اٹھا سکتی ہے۔
سابق کرکٹر باسط علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے متعلق کہا کہ آج نیچرل گیم اور ٹیلنٹ کا مقابلہ ہوگا، کرس گیل اور آندرے رسل نیچرل کھیلے تو خطرناک ہوں گے۔
انہوں نے شاہینوں کو مشورہ دیا کہ ٹیم کو ٹیلنٹ کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے کھیلنا ہوگا، ٹیم ٹیلنٹ کے مطابق کھیلی تو کوئی ہرا نہیں سکتا۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں کسی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا، پاکستان کے بیٹسمین فارم میں ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔
بلے باز احمد شہزاد نے ویسٹ انڈیز کے مقابلے میں قومی ٹیم کی حمایت کی اور کہا کہ پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، جیت صرف پاکستان کی ہوگی۔
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز عدنان اکمل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز دنیا کرکٹ کی خطرناک ٹیمیں ہیں، قومی ٹیم کو پراعتماد انداز میں کھیلنا ہوگا۔