افغانستان آسان حریف نہیں، امید ہے اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی: حارث سہیل


قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کا کہنا ہے کہ افغانستان کے اسپنرز اچھے ہیں اس لیے افغان ٹیم آسان حریف نہیں ہے، امید ہے کہ اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں ہفتے کو ہنڈنگلے لیڈز میں مدمقابل ہوں گی۔

میچ سے قبل کرکٹر حارث سہیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت یہ نہیں سوچ رہے کہ وہ جیت جائے یا وہ جیت جائے، ہم نے چیزوں کو سادہ رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت میچ ٹو میچ کھیل رہے ہیں اور فوکس جیت پر ہے، افغانستان کے خلاف میچ جیتنا ہے اور اس کے بعد بنگلا دیش کے خلاف میچ کا سوچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان آسان حریف نہیں ہے اس کے اسپنرز اچھے ہیں، ان کی ویڈیوز دیکھ کر حکمت عملی تیار کی ہے اور امید ہے کہ اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

افغانستان کے ٹیم آفیشل کی جانب سے پاکستان کو افغان ٹیم سے کرکٹ سیکھے سے متعلق سوال پر حارث سہیل نے کہا کہ اس پر بات کرنا بورڈز کا کام ہے، ہم گراؤنڈ میں لڑ سکتے ہیں اور اس میں ہم جیتنے کی کوشش کریں گے۔

حارث سہیل نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پرفارمنس اچھی تھی، اب منجمنٹ نے چوتھے اور پانچویں نمبر پر رول مختلف دیا ہے اور ضرورت کے مطابق جارحانہ انداز اپناتا ہوں جو کہ مختلف دکھائی دے رہا ہے۔

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ ورلڈ کپ کے پہلے میچ کے بعد ڈراپ ہونے کے بعد کچھ منفی نہیں سوچا تھا، بس یہ ضرور تھا کہ تھنک ٹینک نے جب بھی موقع دیا 100 فیصد دینے کی کوشش کروں گا۔

حارث سہیل نے کہا کہ چیزوں کو سادہ رکھ کر کھیلنے میں آسانی ہے، محمد یوسف، یونس خان اور مصباح الحق کے رول کا سوچ کر اپنے اوپر دباؤ نہیں ڈالتے۔