’پاکستانی کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ ورلڈکپ جیت کر ہی وطن لوٹیں گے‘

نیوزی لینڈ کے خلاف جیت سے مورال بلند ہوا ہے: منیجر طلعت علی۔ فوٹو: فائل

ہیڈنگلے: قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ اب ورلڈ کپ جیت کر ہی وطن واپس جائیں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ٹیم منیجر طلعت علی کا کہنا ہے کہ کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں اور اس وقت ان کی توجہ صرف ورلڈ کپ جیتنے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم متحد ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے، ٹیم کو یقین ہے کہ اب وہ ورلڈ کپ جیت کر ہی وطن واپس لوٹیں گے۔

طلعت علی کا کہنا تھا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ دو ماہ سے زائد عرصہ انگلینڈ میں گزرا ہے لیکن فٹنس مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور اس کی وجہ ان 2 سالوں میں فٹنس پر بہت زیادہ کام ہے۔

ٹیم منیجر نے کہا کہ اب تک دورے میں کسی کھلاڑی کو جرمانے نہیں کرنے پڑے کیوں کہ اب وہ دور نہیں رہا جب کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر جرمانے کرنے پڑتے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ہوٹل دیر سے واپس آنے کی عادت نہیں ہے، کھلاڑی تو کھانا کھانے کے لیے بھی پوچھ کر جاتے ہیں اس وقت کھلاڑیوں کی مکمل توجہ کھیل پر ہے اور سب جیت کے لیے بیتاب ہیں۔

یاد رہے کہ گرین شرٹس ہفتے کو ہیڈنگلے میں افغانستان کے خلاف اہم میچ میں مدمقابل ہوں گے۔

مزید خبریں :