28 جون ، 2019
ہیڈنگلے: پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود افغان کپتان گلبدین نائب نے پاکستان کے خلاف جارحانہ بیان دینے سے گریز کیا۔
پریس کانفرنس میں افغان کپتان گلبدین نائب نے اعتراف کیا کہ پاکستان ہمارا پڑوسی ہے اور ہم پاکستان میں کرکٹ کھیلتے رہے ہیں لیکن ہمارا ملک گزشتہ 45 سالوں سے کشیدہ صورتحال سے گزر رہا ہے، ملک حالت جنگ میں ہے لیکن اس کے باوجود آج کی نوجوان نسل کے لیے کرکٹ بہت کچھ ہے۔
افغان کپتان نے کہا کہ نوجوان کرکٹ سے بڑھ کر دیگر شعبوں میں ملک کے لیے کچھ کر دکھانا چاہتے ہیں تاکہ ہمارا ملک دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، پاکستان کے علاوہ بھارت اور سری لنکا کے ساتھ بھی کرکٹ روابط بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے پریس کانفرنس کے دوران کشیدہ سیاسی صورتحال پر بات کرنے سے گریز کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بابر اعظم اور حارث سہیل جیسے میچ ونر ہیں لیکن ہم کسی ایک کھلاڑی کو ٹارگٹ نہیں کر رہے،کوشش کریں گے کہ ٹورنامنٹ کا اختتام اچھے انداز میں جیت کے ساتھ کریں۔
افغان کپتان گلبدین نائب کا کہنا ہے کہ ہم ٹورنامنٹ کا اختتام خوشگوار یادوں کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم بلاشبہ اچھی ٹیم ہے لیکن ہمارے پاس راشد خان جیسا بولر ہے جو اپنے دن دنیا کی کسی بھی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر سکتا ہے۔
ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان کے کرکٹر آفتاب عالم کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر وطن واپس بھیجا گیا ہے۔
جمعے کو نمائندہ جنگ کے سوال پر افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان گلبدین نائب نے اعتراف کیا کہ انہیں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر وطن واپس بھیجا گیا جس کا فیصلہ ہماری ڈسپلنری کمیٹی نے کیا ہے لیکن گلبدین نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔
جمعرات کو آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے محمد احمد شہرزاد کو افغان ٹیم میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے، وہ آفتاب عالم کی جگہ لیں گے جنہیں غیر معمولی حالات کی وجہ سے وطن واپس بھیجا گیا ہے جب کہ افغان وکٹ کیپر محمد شہزاد کو ان فٹ ہونے کی وجہ سے وطن واپس بھیجا گیا تھا۔
جمعے کو پریکٹس سیشن کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ہیڈنگلے میں نماز جمعہ کی امامت کی۔ ان کی امامت میں افغان کرکٹرز نے بھی نماز جمعہ ادا کی۔ سرفراز احمد حافظ قران ہیں اور باقاعدگی سے نماز پڑھاتے ہیں۔