دنیا
14 جنوری ، 2012

برطانوی وزیراعظم کی شاہ عبداللہ سے ملاقات

برطانوی وزیراعظم کی شاہ عبداللہ سے ملاقات

لندن … برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ڈیوڈ کیمرون کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ''دونوں لیڈروں نے برطانیہ اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے اور انھوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے اتفاق کیا ہے''۔برطانوی وزیراعظم نے شاہ عبداللہ سے صومالیہ میں خانہ جنگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل بحری قزاقی اور دہشت گردی کے حوالے سے بھی بات چیت کی ہے جس سے نہ صرف صومالی باشندوں بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی خطرات پیدا ہوچکے ہیں۔ 2010ء میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ڈیوڈ کیمرون کا سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔دورے کے موقع پربرطانوی وزیراعظم نے ایک انٹرویو میں امید ظاہرکی کہ اقتصادی پابندیاں ایران کوجوہری پروگرام کے حوالے سے اپنے موقف پر نظرثانی پر مجبور کردیں گی۔ وہ امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے عاید کردہ پابندیوں کا حوالہ دے رہے تھے جن کے ذریعے سے ایران کو جوہری پروگرام سے دستبردار کرانے کے لیے اس کا ہر طرح سے ناطقہ بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔شام کے حوالے سے ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ہم عرب لیگ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شامی صدر بشارالاسد حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔

مزید خبریں :