23 جولائی ، 2019
جنوبی کوریا کے لڑاکا طیاروں نے روسی طیاروں کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر فائر شوٹ وارننگ دی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جنوبی کوریا کے حکام نے دعویٰ کیا ہےکہ روسی طیارے نے دو مرتبہ اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہےکہ روسی مداخلت کے جواب میں اس کے لڑاکا طیاروں نے انتہائی پھرتی سے 360 مشین گن سے فائر کیے۔
روس نے جنوبی کوریا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور جنوبی کوریا کے فائر شوٹ وارننگ کی تردید کی ہے۔
ماسکو کا کہنا ہےکہ اس کے بمبار طیاروں نے غیر متنازع سمندر پر پرواز کی۔
جنوبی کوریا کی افواج کے مطابق تین روسی اور دو چین کے فوجی طیارے منگل کی صبح جنوبی کوریا کے ائیر ڈیفنس زون میں داخل ہوئے جن کو روکنے کے لیے جنوبی کوریا کے ایف 15 اور ایف 16 طیارے بھیجے گئے۔
جنوبی کوریا کے قومی سلامتی ادارے کے سربراہ نے اس معاملے پر روسی سیکیورٹی کونسل میں سخت احتجاج کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
جب کہ جنوبی کورین صدر کے دفتر سے جاری بیان میں صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور اس طرح کی کارروائی دہرانے کی صورت میں سخت ایکشن کا عندیہ دیا گیا ہے۔