Time 03 جنوری ، 2025
کھیل

خراب فارم یا کوچ سے تنازع: بھارتی کپتان روہت شرما آسٹریلیا کیخلاف سڈنی ٹیسٹ سے باہر

خراب فارم یا کوچ سے تنازع: بھارتی کپتان روہت شرما آسٹریلیا کیخلاف سڈنی ٹیسٹ سے باہر
فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ سڈنی میں کھیلا جارہا ہے، جہاں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارت نے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، حیران کن طور پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ڈراپ کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ بمراہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

 بمراہ نے پہلے ٹیسٹ میں بھی روہت شرما کی غیر موجودگی میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی تھی اور میزبان ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

سڈنی ٹیسٹ میں روہت شرما کی جگہ شبمن گل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آکاش دیپ کی جگہ پراسدھ کرشنا کو کھلایا گیا ہے۔

جسپریت بمراہ نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ روہت شرما نے خود سڈنی ٹیسٹ میں آرام کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ میلبرن ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما پر کافی تنقید کی جارہی تھی۔ وہ پوری سیریز میں آؤٹ آف فارم نظر آئے۔

آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارتی ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں تھا اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر شدید غصے میں تھے۔

بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ آسٹریلیا سے شکست کے بعد بھارتی ڈریسنگ روم میں ماحول آئیڈیل نہیں ہے، سلیکٹرز، کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف ایک پیج پر نہیں ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کسی کا نام لیے بغیر کھلاڑیوں کو کھری کھری سنائیں اور کہا اب بہت ہو گیا ہے، نیچرل گیم کے نام پر کھلاڑی اپنی مرضی کر رہے ہیں اور انہیں جو پلان دیا جاتا ہے اس پر عمل نہیں کرتے۔

ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا اگر کوئی کھلاڑی حکمت عملی کے مطابق نہیں کھیلے گا تو اس کو تھینک یو کہہ دیا جائے گا۔

سڈنی ٹیسٹ سے قبل جمعرات کو پریس کانفرنس کرنے بھی روہت شرما نہیں آئے، ان کی جگہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے شرکت کی جس کے بعد میڈیا میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ کوچ اور روہت میں بھی کوئی تنازع ہے۔ 

یاد رہے کہ آسٹریلیا کو 5 میچز کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں :