Time 03 جنوری ، 2025
دلچسپ و عجیب

ایمبولینس کے اسپیڈ بریکر سے ٹکرانے کے بعد مردہ زندہ ہوگیا

ایمبولینس کے اسپیڈ بریکر سے ٹکرانے کے بعد مردہ زندہ ہوگیا
فوٹو: فائل

بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ رپورٹ ہوا ہے جس میں ایمبولینس کے اسپیڈ بریکر سے ٹکرانے کے بعد مردہ قرار دیا گیا شخص زندہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے شہر کولہاپور میں ایک 65 سالہ شخص جسے مردہ قرار دیے جانے کے بعد ایمبولینس کے ذریعے گھر منتقل کیا جارہا تھا، وہ  ایمبولینس کے اسپیڈ بریکر سے گزرتے وقت  دھکا لگنے کی وجہ سے زندہ ہوگیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ 16 دسمبر کو پیش آیا اور اب خبروں کی زینت بنا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 65 سالہ بزرگ پانڈورنگ کو گزشتہ ماہ دل کے دورے کے باعث  اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ 

جس کے بعد اہل خانہ نے آخری رسومات ادا کرنے کے لیے لاش کو ایمبولینس کی مدد سے گھر منتقل کرنے کا انتظام کیا۔

تاہم اسپتال سے گھر جاتے ہوئے ایمبولینس کے ایک اسپیڈ بریکر سے گزرنے کے دوران، اہل خانہ نے حیرت انگیز طور پر دیکھا کہ پانڈورنگ کی انگلیاں حرکت کر رہی تھیں۔

یہ دیکھ کر فوراً ایمبولینس کو دوسرے اسپتال لے جایا گیا۔

اسپتال پہنچتے ہی انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا۔ حیران کن طور پر ان کی سانس بحال ہوگئی اور اب 15 دن کے علاج کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

اسپتال جس نے ابتدائی طور پر  پانڈورنگ کو مردہ قرار دیا تھا، نے تاحال اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

مزید خبریں :