Time 23 جولائی ، 2019
پاکستان

چیئرمین سینیٹ کے عشائیے میں اپوزیشن کے سینیٹرز کی شرکت، حمایت کی یقین دہانی

اپوزیشن کے دونوں سینیٹرز کی عشائیے میں شرکت کی تصاویر اور ویڈیو بھی سامنے آ گئی— فوٹو: اسکرین گریب 

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے حکومتی سینیٹرز کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے 2 سینیٹرز نے بھی شرکت کی۔ 

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین اور آزاد سینیٹر دلاور خان نے عشائیے میں شرکت کی اور چیئرمین سینیٹ کو تحریک عدم اعتماد میں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ 

اپوزیشن کے دونوں سینیٹرز کی صادق سنجرانی کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی تصاویر اور ویڈیو بھی سامنے آگئی۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں سینیٹرز نے صادق سنجرانی سے کہا کہ ہم تحریک عدم اعتماد میں آپ کو اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہیں جبکہ سینیٹر کلثوم پروین نے گفتگو میں کہا کہ ہمارے ساتھ اور بھی لوگ ہیں۔

چیئرمین صادق سنجرانی نے دونوں سینیٹرز کو خوش آمدید کہا۔ 

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات کیس کے فیصلے میں میاں نوازشریف کو پارٹی صدارت کیلئے نااہل قرار دیا تھا اور ساتھ ہی ان کے بطور پارٹی صدر کیے گئے فیصلوں کو بھی کالعدم کردیا تھا جس کے بعد نوازشریف کے بطور پارٹی صدر سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کو دیئے گئے ٹکٹس بھی منسوخ ہوگئے تھے۔

ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے پر دلاور خان آزاد حیثیت سے سینیٹر بنے تھے اور وہ اپوزیشن کے تمام اجلاسوں میں باقاعدگی سے شریک ہوتے رہے ہیں۔ 

خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی ہے جبکہ حکومت نے جواب میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے۔ 

اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار حاصل بزنجو بلوچستان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ نیشنل پارٹی کے صدر ہیں جب کہ ان کی جماعت کی سینیٹ میں 5 نشستیں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر صدر مملکت نے ایوان بالا کا اجلاس یکم اگست کو طلب کیا ہے۔

مزید خبریں :