Time 09 اگست ، 2019
پاکستان

مون سون کا نیا سسٹم کراچی سمیت سندھ بھر میں تیز بارشیں برسائے گا

— فائل فوٹو 

کراچی: سندھ میں مون سون کا نیا سسٹم عید تک بارشیں برسانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

 ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسراسسٹم آج شام یا رات سندھ میں داخل ہوگا جو گزشتہ مون سسٹم کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ہفتے کی دوپہر سے تیز بارش کا امکان ہے جب کہ زیریں سندھ میں بہت تیز بارش ہوسکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پچھلی برسات 24 سے 36 گھنٹوں تک مسلسل ہوتی رہی تھی جب کہ حالیہ سسٹم مسلسل 36 سے 40 گھنٹوں تک برس سکتا ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے سندھ کے مخلتف شہروں میں ہوا کا کم دباؤ داخل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا  ہے جس کے باعث بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ وسطی بھارت کے قریب مدھیہ پردیش میں موجود ہے جو رات گئے مشرقی سندھ میں داخل ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ داخل ہونے کے نتیجے میں کراچی میں آج رات سے معتدل جب کہ ہفتے کی صبح موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ آج سے وقفے وقفے سے عید تک جاری رہ سکتا ہے۔ 

مزید خبریں :