07 فروری ، 2012
لاہور … پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہا ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے کاغذوں میں کھاڑک کی سیل فیکٹری حمزہ شہبازشریف کے زبانی احکامات پر چل رہی تھی اس لئے فیکٹری میں ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار وزیراعلیٰ اور حمزہ شہباز ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا ریاض نے کہا کہ فیکٹری میں ہلاکتوں کا واقعہ پنجاب کے عوام کے لئے مسلم لیگ ن کی گڈ گورننس کا ایک اور تحفہ ہے، پنجاب میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں مگر تخت لاہور پر براجمان مغل بادشاہ چین کی بانسری بجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا جعلی ادویات پر بحث کو ایوان میں خود آکر نہ سمیٹنا افسوس ناک ہے اور وہ اسمبلی میں آنا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی سی کے معاملے پر حکومت کو بھاگنے نہیں دیں گے اور انہیں دریا برد کرکے رہیں گے ۔