پاکستان
14 اگست ، 2012

جمہوریت ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے، وزیراعظم

 جمہوریت ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے، وزیراعظم

اسلام آباد… وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے اور ملک کی بقا اسی سے وابستہ ہے ۔کنونشن سنٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ گذشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیرا عظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں ان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے، انھوں نے کہا کہ بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کے لئے پروگرام آغاز حقوق بلوچستان متعارف کرایا گیا۔وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کچھی کینال کے لئے فوری طور پر 6 ارب روپے جاری کرنے کے احکاما ت دیئے ہیں جبکہ ڈیرہ بگٹی سے بے گھر افراد کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آئندہ انتخابات میں بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتیں حصہ لیں۔وزیراعظم نے کہا ماضی میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا گیا ، انھوں نے کہا جلد ہی جنوبی پنجاب میں سرائیکی صوبے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے اپوزیشن کو اعتماد میں لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا نگران حکومت کے قیام اور اہم قومی معاملات پر اپوزیشن سے مذاکرات کے قائل ہیں۔وزیراعظم نے کہا توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے قابو پانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں ، کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے لئے کام تیزی سے جاری ہے، انھوں نے کہا کہ ماضی میں تھر کول کے منصوبے کو نظر انداز کرکے مجرمانہ غفلت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا ڈرون حملوں کو ملکی خود مختاری کے خلاف سمجھتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ امریکہ پر واضح کردیا ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کی بندش سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کے لئے بھارت سے خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی پر بہت جلد قاپو پالیں گے ، انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں :