14 اگست ، 2012
لاہور…گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ بجلی بحران کے نام پر تخریب کار خادم اعلیٰ لوگوں کو اشتعال دلا کر توڑ پھوڑ کروا رہے ہیں سرکاری ملازمین ان کے احکامات نہ مانیں۔ حکومتیں آتی جاتی ہیں ریاست کا وفادار ہونا چاہئے۔گورنر ہاوٴس میں جشن آزادی کے سلسلے میں خصوصی بچوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہناتھا کہ پہلے وزیر اعظم کو گھر بھجوا دیا گیا اب دوسرے کو بھی بھجوایا تو جمہوریت کو نقصان ہو سکتا ہے۔ اداروں کو آپس میں الجھنے کے بجائے مل کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ پارلیمنٹ اور انتظامیہ کو تابع کر کے کوئی ملک کی خدمت کر رہا ہے تو یہ غلط ہے ۔ گورنر پنجاب نے خصوصی بچوں کو تعلیمی اداروں میں فیس اور رہائش مفت دینے کا اعلان کیا۔ گورنر نے خصوصی افراد کیلئے سرکاری محکموں میں ملازمت کا کوٹہ دگنا کرنے اور ملازمت کے لئے عمر کی حد میں 10 سال اضافے کا بھی اعلان کیا۔