Time 12 ستمبر ، 2019
پاکستان

آئین کا آرٹیکل 149 کیا ہے؟

وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی جانب سے کراچی کو آئین کے آرٹیکل 149 کے تحت وفاقی کے سپرد کرنے کے بیان کے بعد سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان ایک نئی لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں آئین کے آرٹیکل 149 (4) کے نفاذ کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس کے تحت وفاقی حکومت کراچی کے لیے احکامات جاری کرسکتی ہے ۔

آئین پاکستان کے آرٹیکل 149 کا عنوان "بعض صورتوں میں صوبوں کے لیے ہدایات " ہے جس میں چار ذیلی شقیں شامل ہیں جو کہ درج ذیل ہیں:

(۱) ہر صوبے کا عاملانہ اختیار اس طرح استعمال کیا جائے گا کہ وہ وفاق کے عاملانہ اختیار میں حائل نہ ہو یا اسے نقصان نہ پہنچائے اور وفاق کا عاملانہ اختیار کسی صوبے کو ایسی ہدایات دینے پر وسعت پذیر ہو گا جو اس مقصاد کے لیے وفاقی حکومت کو ضروری معلوم ہوں۔

(۲) وفاق کا عاملانہ اختیار کسی صوبے کو، اس صوبے میں کسی ایسے وفاقی قانون پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت دینے پر بھی وسعت پذیر ہوگا جس کا تعلق مشترکہ قانون سازی کی فہرست میں مصرحہ کسی معاملے سے ہو اور جس میں ایسی ہدایات دینے کا اختیار دیا گیا ہو۔

(۳) وفاق کا عاملانہ اختیار کسی صوبے کو ایسے ذرائع مواصلات کی تعمیر اور نگہداشت کے لیے ہدایات دینے پر بھی وسعت پذیر ہوگا جنہیں ہدایت میں قومی یا فوجی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا ہو۔

(۴) وفاق کا عاملانہ اختیار کسی صوبے کو ایسے طریقے کی بابت ہدایت دینے پر بھی وسعت پذیر ہو گا ، جس میں اس کے عاملانہ اختیار کو پاکستان یا اس کے کسی حصےکے امن یا سکون یا اقتصادی زندگی کے لیے کسی سنگین خطرے کے انسداد کی غرض سے استعمال کیا جانا ہو۔

مزید خبریں :