پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2019

50 کروڑ سے زائد کی بدعنوانی میں ملوث ملزم کو سی کلاس ہی ملے گی: فروغ نسیم

وفاقی وزیر قانون کے ہمراہ صوبائی وزرائے قانون بھی موجود ہیں — فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ 50 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کے ملزم کو جیل میں سی کلاس ہی ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت اور خیبرپختونخوا کے وزیر قانون سلطان محمد خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ 

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ حکومت ملکی معاملات کی بہتری کیلئے نئے قوانین متعارف کررہی ہے، عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا حکومت کا ایجنڈا اور وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے جس کی وجہ سے اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بار بار یہ بات کی جاتی ہے کہ کرپشن کے ملزم جیلوں میں مزے کررہے ہیں، ایک ایسی ترمیم لائی جا رہی ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی بدعنوانی میں ملوث ملزم کو جیل میں سی کلاس ملے گی، وزیراعظم سے بھی قوانین میں تبدیلی کے حوالے سے رہنمائی لی جا رہی ہے۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ وسل بلوؤر کے نظریے کو بے نامی جائیدادوں کے قانون میں شامل کر دیا ہے، 30، 30 سال تک دیوانی مقدمات میں لگ جاتے تھے، اب ان تنازعات کو ڈیڑھ سے دو سال میں نمٹایا جاسکے گا اور سول مقدمات کا فیصلہ بھی جلد ممکن ہوگا۔

مزید خبریں :