14 ستمبر ، 2019
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت 27 فروری کبھی نہیں بھولے گا۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی جس انہوں نے پاکستان ائیر فورس کو ملک کا فخر قرار دیا۔
آصف غفور نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اور بھارتی طیارے گرانے والے اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان علی خان کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی زیرقیادت پاک فضائیہ کے شاہینوں پر فخر ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بھارت اور بھارتی فضائیہ 27 فروری 2019 کبھی نہیں بھولیں گے۔ ترجمان پاک فوج نے 'مجاہدین افلاک کو سلام' کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ کے پائلٹس نے دو بھارتی طیارے گرائے جن میں سے ایک طیارہ اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور دوسرا بھارتی طیارہ ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے گرایا تھا۔
یوم آزادی کے موقع پر ان جوانوں کی جرات و بہادری پر ونگ کمانڈر محمد نعمان علی کو ستارہ جرات جبکہ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی اور گروپ کیپٹن فہیم احمد کو تمغہ جرات سے نوازا گیا تھا۔