قائداعظم ٹرافی کا پہلا راؤنڈ مکمل، تینوں میچز ڈرا

پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر ملنے والے پوائنٹس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبلز پر سب سے آگے ہے — فوٹو: پی سی بی 

قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا، پہلے راؤنڈ کے تینوں میچز ڈرا ہوئے تاہم پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر ملنے والے پوائنٹس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبلز پر سب سے آگے ہے۔

قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں ایبٹ آباد اسٹیڈیم پر خیرپختونخوا کیخلاف ناردرن کو پہلی اننگز میں تو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم دوسری اننگز میں محمد نواز اور آصف علی نے سنچریاں اسکور کرکے ٹیم کو شکست سے بچایا اور میچ ڈرا پر اختتام پذیر ہوا۔

محمد نواز نے ناقابل شکست سو رنز بنائے، آصف علی نے 114 رنز کی اننگز کھیلی۔ کھیل ختم ہونے تک ناردرن نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 437 رنز بنائے تھے۔

— فوٹو: پی سی بی 

میچ ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو 5، 5 پوائنٹس ملے، کے پی نے 110 اوورز میں 400 سے زائد رنز کرکے پورے 5 بونس پوائنٹس حاصل کیے، بولنگ میں بھی حریف کو 110 اوورز سے کم میں آؤٹ کرکے 3 بونس پوائنٹس لئے یوں ایبٹ آباد میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے مجموعی طور پر تیرا پوئنٹس حاصل کیے۔

ناردن کو مجموعی طور پر 3 بونس پوائنٹس ملے۔

کراچی میں سندھ اور بلوچستان کے درمیان ہونیوالا میچ بھی ڈرا  ہوا، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر 4 روز کے دوران صرف 14 وکٹیں گریں۔

کھیل کے آخری روز بلوچستان نے اپنی نامکمل پہلی اننگز 191 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی اور کھیل ختم ہونے تک 9 وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز بنائے، آخری سیشن میں جب 15 اوورز باقی تھے اور نتیجے کا کوئی امکان نہ تھا تو دونوں کپتانوں نے باہمی رضامندی سے میچ کے اختتام کا فیصلہ کیا۔

— فوٹو: پی سی بی 

امام الحق نے 152 رنز کی اننگز کھیلی، سندھ کی جانب سے اسد شفیق اور کاشف بھٹی نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو 5، 5 پوائنٹس ملے، پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر سندھ کو 4 اور بلوچستان کو 2 اضافی پوائنٹس ملے یوں میچ میں سندھ کو 9 اور بلوچستان کو 7 پوائنٹس ملے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔

دونوں ٹیموں نے ڈرا کے 5، 5 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر6، 6 بونس پوائنٹس بھی حاصل کیے یوں پہلے راؤنڈ کے اختتام پر خیبرپختونخوا 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، سینٹرل اور جنوبی پنجاب 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، سندھ 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، ناردرن 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور بلوچستان 7 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر ہیں۔

مزید خبریں :