20 ستمبر ، 2019
محکمہ صحت پنجاب نے ڈینگی کے مریضوں کی سہولت کیلئے صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے تشخیصی ٹیسٹ کی فیس ختم کر دی۔
پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں ڈینگی کا تشخیصی ٹیسٹ مفت کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں ڈینگی سے ہزاروں افراد بیمار ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں مزید 348 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں جبکہ راولپنڈی میں 127 اور اسلام آباد میں 198 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 158 ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 232 تک جا پہنچی ہے۔
بلوچستان میں رواں سال ڈینگی کے 2 ہزار 618 کیسز رپورٹ کیے گئے اور خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔