15 اگست ، 2012
نیویارک… سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی بیٹی چیلسی کلنٹن نے اپنے والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاست میں آنے کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی جریدے کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اپنی والدہ ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم تک ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بطور شہری سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہیں اور 18 سال عمر پوری ہونے پر ووٹ کا حق ملنے کے بعد سے انہوں نے اب تک تمام انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔ 32 سالہ چیلسی اس وقت نیویارک میں مقیم ہیں۔ وہ انٹرنیشنل ریلیشنز میں پی ایچ ڈی کی طالبہ ہیں انہوں نے گذشتہ سال کے دوران کچھ عرصہ امریکی ٹی وی چینل این بی سی کیلئے بھی کام کیا۔