15 اگست ، 2012
واشنگٹن … امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ ان کے نئے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی نے مصراور امریکاکے درمیان مضبوط فوجی تعلقات کا یقین دلایا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز مصری ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگوکے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصر امریکا مضبوط فوجی تعلقات کے باعث مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور خراب سیاسی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور ہماری خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان وہ تعلقات پھربحال ہوں ۔ یاد رہے کہ مصر کے نئے اسلام پسند صدر محمد مرسی نے اتوار کو آرمی چیف فیلڈ مارشل حسین طنطاوی جنہوں نے سابق صدرحسنی مبارک کے اقتدار سے الگ ہونے کے بعد عنان حکومت پر قبضہ کرلیا تھا کو ریٹائرڈ کردیا اور ان کی جگہ عبدالفتاح السیسی کو تعینات کردیا ہے۔