27 ستمبر ، 2019
کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوپہر تین بجے شروع ہونا تھا جب کہ ٹاس کا وقت ڈھائی بجے تھا تاہم تیز بارش کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہو سکا۔
تیز بارش کی وجہ سے نیشنل اسٹیڈیم تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جب کہ کھلاڑی ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر بارش تھمنے کا انتظار کرتے رہے۔
لیکن بارش رکنے کے باوجود گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں منسوخ ہونے والے میچز
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان منسوخ ہونے والا میچ نیشنل اسٹیڈیم کی تاریخ کا پہلا میچ ہے جو بارش کے باعث منسوخ ہوا۔
آج کے میچ سے قبل نیشنل اسٹیدیم میں تین ایک روزہ میچز منسوخ ہو چکے ہیں، پہلا میچ 1982 میں آسٹریلیا کے خلاف عوام کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے منسوخ ہوا۔
دوسرا میچ بھی آسٹریلیا کے خلاف 1988 میں ہنگامہ آرائی کے باعث منسوخ ہوا جب کہ تیسرا میچ بھارت کے خلاف 1989 میں منسوخ ہوا۔
اس کے علاوہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز بھی 1984 اور 2002 میں منسوخ ہو چکے ہیں۔
دوسرا ون ڈے اب 29 نہیں 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں ہونا تھا تاہم بارش کے باعث منسوخ ہوگیا ، سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز بالترتیب 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جانے تھے تاہم پی سی بی نے شیڈول تبدیل کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ اب 29 ستمبر اتوار کے بجائے 30 ستمبر پیر کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا ون ڈے 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 153 ایک روزہ میچز ہوچکے ہیں، جس میں سے 90 میچز میں پاکستان جبکہ 58 میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کیخلاف اپنا اچھا ریکارڈ برقرار رکھنے کیلئے پر امید ہے۔
خیال رہے کہ 2009 میں آخری بار سری لنکن کرکٹ ٹیم نے ہی کراچی میں ون ڈے میچ کھیلا تھا۔