15 اگست ، 2012
اسلام آباد … قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کل وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ہوگا، اجلاس ساڑھے 5کھرب روپے سے زائد مالیت کے 49 منصوبے منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔ منصوبہ بندی کمیشن کے ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں 140ارب 29کروڑ روپے مالیت کا کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کا منصوبہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، دیگر منصوبوں میں ریلوے کیلئے ہائی کیپیسٹی بوگی ویگنز کی خریداری کا 12ارب روپے اور 50 ریلوے انجنوں کی خریداری کا 19 ارب 40 کروڑ روپے کا منصوبہ شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں 12 ارب 98 کروڑ روپے کا سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ شامل ہے۔ ایکنک کے اجلاس میں 14ارب 35کروڑ روپے کی لاگت سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام منصوبے کی منظوری کا امکان ہے۔ پنجاب میں زرعی پیداوار بڑھانے سے متعلق 36 ارب روپے کے آبپاشی کے منصوبے، تربیلا ہائیڈل منصوبے کی توسیع کا 83ارب کا 22ارب روپے کا منصوبہ اور اینگرو کے 1200 میگاواٹ منصوبے کی تھرکول منصوبے کی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے نظام سے منسلک کرنے کا منصوبہ شامل ہیں۔ اجلاس میں 30 ارب روپے کی لاگت کے وزارت پیٹرولیم کے نیچرل گیس ایفی شنسی منصوبے کی منظوری بھی متوقع ہے ۔