01 اکتوبر ، 2019
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان لاہیرو تھریمانے کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف دوسرے ون ڈے میں شکست کے باوجود وہ ٹیم کی پرفارمنس سے مثبت باتیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
لاہیرو تھریمانے کا کہنا ہے کہ یہ سری لنکن ٹیم کا سو فیصد کھیل نہیں تھا ، ٹیم اس سے بہتر کرسکتی ہے اور امید ہے کہ آخری ون ڈے میں سری لنکا کی ٹیم کم بیک کرے گی۔
سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ مڈل آرڈر میں شیہان جے سوریا اور ڈاسون شناکا کی کارکردگی ان کیلئے مثبت بات ہے جو اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ ان کی ٹیم ہدف کا تعاقب کامیابی سے کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم ابتدائی دس اوورز میں اچھا نہیں کھیل سکی اور وہیں میچ ان کے ہاتھ سے نکلا، مجموعی طور پر ان کی ٹیم برا نہیں کھیلی، نوجوان پلیئرز نے ثابت کیا ہے کہ وہ بہتر کرسکتے ہیں۔
ایک سوال پر تھریمانے نے کہا کہ ان کی ٹیم میں اوپنرز ہیں، کمبینیشن کو دیکھ کر انہوں نے اپنی بیٹنگ پوزیشن کو تبدیل کیا تھا، آخری ون ڈے میں صورتحال دیکھ کر کمبینیشن تشکیل دیں گے۔
واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 46.5 اوورز میں 238 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے،دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلاجائے گا جب کہ پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔