05 اکتوبر ، 2019
کراچی میں غریب بیوہ کے نام کروڑوں روپے کی مبینہ بے نامی جائیداد نکل آئی جس پر نیب نے انہیں طلبی کا نوٹس بھیج دیا۔
جیونیوز کےمطابق نیب نے شاہ فیصل کالونی نمبر تین کے مکان کی مالکن کے نام ایک نوٹس بھیجا ہے جس میں ان سے گلشن اقبال کڈنی ہل میں کروڑوں روپے کا پلاٹ خریدنے کی وجوہات پوچھی گئی ہیں۔
نیب نے خاتون کو 320گز کے پلاٹ کے کاغذات لے کر فوری راولپنڈی آنے کی ہدایت کی ہے۔
اس مکان کی رہائشی خاتون کا نام نگہت پروانا ہے، شوہر کے انتقال کے بعد ان کی کفالت بھائی کررہے ہیں، نیب کا نوٹس ملنے کے بعد خاتون پریشانی میں مبتلا ہوگئی ہیں۔
نیب کے نوٹس میں نگہت پروانا پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے پلاٹ جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے خریدا اور اب وہ راولپنڈی میں تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہوں۔
متاثرہ خاتون کے بھائی کا کہنا ہے کہ ایسا تبھی ممکن ہے جب نیب آنے جانے کا کرایہ دے۔
نگہت پروانا کی بیٹی کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ نیب غریبوں کو پریشان کرنے کے بجائے جعلی اکاؤنٹس میں ان کا نام استعمال کرنے والوں کا سراغ لگائے۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر 62 ایکڑ پر قائم کڈنی ہل سے قبضہ ختم اور تمام الاٹمنٹس منسوخ کراکے پارک میں تبدیل کیا جارہا ہے۔