16 اگست ، 2012
مکة المکرمہ… مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی نے شام کی رکنیت معطل کر دی ، یہ فیصلہ سعودی عرب کے شہر مکہ میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں جمعرات کو علی الصبح کیا گیا ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس کے اختتام پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق شرکاء شام میں پرتشدد کارروائیوں کو فوری طور پر روکے جانے کی ضرورت اور او آئی سی میں شام کی رکنیت معطل کرنے پر متفق ہیں۔ امریکا نے او آئی سی کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ یہ اجلاس منگل کو شروع ہوا تھا اور اس میں شام کی رکنیت معطل کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا تھا۔ ایران اس تجویز کا سخت مخالف تھا۔ اجلاس کی صدارت سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے کی جبکہ ایران کے صدر احمدی نژاد بھی اس میں شریک تھے۔