16 اگست ، 2012
لندن …لندن پولیس نے عازمینِ حج کو فراڈ سے بچانے کے لئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ حج میں 3 ماہ کا وقت رہ گیا ہے۔ ایسے میں لندن پولیس حج کے خواہش مند افراد کو نوسر بازوں کے فراڈ سے بچانے کے لئے مسلم کمیونٹی اورنیشنل فراڈ انٹیلی جنس بیورو کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ حج کے موقع پر لندن میں جرائم پیشہ عناصرخود کو قانونی ٹریول آپریٹر ظاہر کرکے عازمین کو 50 فیصد کم کرائے اور پْرکشش ویزا پیکیج کی پیشکش کرتے ہیں۔ لوگ ان کے جھانسے میں آکر ڈیل کرلیتے ہیں۔ لیکن عازمین کی سعودی عرب روانگی سے کچھ پہلے جعلی ٹریول آپریٹر دفاتر بند کر کے غائب ہوجاتے ہیں اور عازمین نہ صرف اپنی رقم بلکہ حج کی سعادت سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔ گذشتہ سال بھی کم از کم 300 افراد نے کونسل آف برٹش حاجیز سے رابطہ کرکے بتایا تھا کہ وہ حج فراڈ کا شکار ہوئے ہیں۔ صرف ایک فیصد افراد نے پولیس سے رابطہ کیا تھا۔ لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے حج کے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ فراڈ ٹریول آپریٹرز سے ہوشیار رہیں اور مستند ٹریول ایجنٹ سے معاملات طے کریں۔