28 اکتوبر ، 2019
پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلادیشی ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 15 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹ کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کی کپتان نسمہ معروف نے اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے شاندار اننگز کھیلی اور 70 رنز بان کر ناٹ آؤٹ رہیں جب کہ ان کے علاوہ اوپننگ بیٹسمین جویریہ خان نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 50 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے جہاں آرا عالم نے 2 اور لتا منڈل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا سکی۔
بنگلادیش کی جانب سے سنجیدہ اسلام 45 اور فرغانہ حق 30 رنز بناکر نمایاں رہیں جب کہ جہاں آرا عالم نے آخری لمحات میں 5 گیندوں پر 18 رنز بنائے تاہم وہ ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے4 اوورز میں 19 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ دانیہ بیگ ، انعم امین اور ثناء میر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔ایک کھلاڑی کو عالیہ ریاض نے رن آؤٹ کیا۔
بہترین کارکردگی دکھانے پر قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے 3 میچز کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کو کھیلا جائےگا۔